بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں تیز رفتار گاڑی نے خاتون کو کچل دیاجبکہ گوادر میں پہاڑ سے گر کر ایک نوجوان ہلاک ہوگیا۔
کوئٹہ میںجوائنٹ روڈ پر واقع ریلوے گرلز سکول کے قریب تیز رفتار گاڑی نے واک کرتی ہوئی 30 سالہ سمیہ سیلم رضا کو کچل دیا۔
پولیس کے مطابق سمیہ اپنے والد کے ساتھ واک کر رہی تھی کہ اچانک تیز رفتار گاڑی نے اسے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔حادثے کے فورا بعد گاڑی میں سوار شخص موقع سے فرار ہو گیا۔
شدید زخمی سمیہ کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
پولیس نے قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے گاڑی کی تلاش شروع کر دی ہے، جبکہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب گوادر میں پہاڑی سے گر کر ایک نوجوان ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق گوادر کوہ باتیل پرسنسٹ پارک کے قریب پہاڑ سے گر کر نوجوان ہلاک ہوگیا جس کی شناخت تنویر احمد سکنہ مجاہد وارڈ کے نام سے کی گئی ہے ۔
متوفی اپنے دیگر دوستوں کے ہمراہ تفریح کے لئے پکنک منانے گیا تھا اور پہاڑی پر کھڑا ہوکر تصاویر کشی کررہا تھا کہ اچانک پاؤں پھسلنے سے کھائی میں گر کر ہلاک ہوگیا۔