بلوچستان میں قلات کے قریب 2 بسیں آپس میں ٹکرا گئیں ، حادثے میں 5 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔
لیویز حکام کے مطابق حادثے کا شکار ایک بس کوئٹہ سے کراچی اور دوسری کراچی سے کوئٹہ جارہی تھی۔
لیویز حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں 5 مسافر ہلاک اور 20 زخمی ہوئے، لاشیں اور زخمی قلات اسپتال منتقل کر دیے گئے ہیں۔
لیویز ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی 1122، ایدھی، پولیس اور لیویز کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور تمام نعشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ابتدائی طبی امداد کے بعد تمام زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔