بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں پولیس موبائل پر بم دھماکے میں 3 افراد ہلاک جبکہ 4 پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد زخمی ہوگئے۔
واقعہ شہر کے ایک مصروف بازار کے قریب ڈبل روڈ پرپیش آیا۔
جائے حادثہ سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس موبائل وین اور اس کے قریب ہی کھڑے ایک موٹرسائکل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز جائے حادثہ پر پہنچ گئیں جہاں سے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
حکومتِ بلوچستان کے ہیلتھ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر وسیم بیگ نے بھی اس دھماکے میں تین افراد کی ہلاکت اور 21 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق جب پولیس موبائل گزر رہی تھی تو اس وقت دھماکا ہوا۔
دھماکے سے ایک گاڑی اور موٹر سائیکل کو نقصان پہنچا۔
ٹراما سینٹر انتظامیہ کے مطابق اطلاعات کے مطابق دھماکے میں ہلاک 3 افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں۔
سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں 21 زخمیوں کو لایا گیا ہے۔ زخمیوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکے کینسر سپیشلسٹ ڈاکٹر مہر اللہ ترین بھی ہلاک ہوگئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بم دھماکے سے پولیس موبائل، ایک گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ایک موٹرسائیکل میں آگ بھڑک اٹھی۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند کے مطابق کوئٹہ کے وسط میں ڈبل روڑ پر ہونے والے اس دھماکے میں پولیس موبائل وین کو نشانہ بنایا گیا۔
ابھی تک کسی تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔