پسنی و ناگ میں روڈ حادثے میں 2 افراد ہلاک ،15 زخمی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے ساحلی علاقے پسنی اور ناگ میں گذشتہ روزجمعرات کودو مختلف روڈ حادثات میں2افراد ہلاک جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔

ساحلی شہر پسنی میں مکران کوسٹل ہائی وے پر پک گاڑی حادثے کا شکارہونے سے ایک شخص ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

جمعرات کی صبح تربت سے پسنی آنیوالی پک گاڑی مکران کوسٹل ہائی وے پر گوادر پسنی سیکشن میں شتنگی کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی جس میں سوار نثار احمد ولد حسن سکنہ کیچ، اسحاق ولد حسن سکنہ کیچ اور کریم جان زخمی ہوگئے ، جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے لیے پاک عمان ہسپتال پسنی منتقل کر دیا گیا ۔

جہاں انھیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جن میں سے کریم جان کو تشویشناک حالت میں کراچی منتقل کیاجا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا ۔

نعش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ۔

دوسری جانب ضلع واشک کی سب تحصیل ناگ سر چشمہ کے قریب زگری زائرین کی ایک ڈبل ڈور گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔

حادثے میں 1 شخص ہلاک جب کہ 13 افراد زخمی ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مشکے سے تربت جانے والی ڈبل ڈور گاڑی کا ٹائر برسٹ ہوگیا جس کے نتیجے میں گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔

حادثے میں شہباز ولد پٹھان موقع پر ہی چل بسا ۔

ہلاک اور زحمیوں کا تعلق مشکے سے بتایا جا رہا ہے جب کہ زخمیوں میں پانچ کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

زخمیوں کو فوری طور پر ناگ آر ایچ سی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ہسپتال کے عملے نے بروقت طبی امداد فراہم کی۔ تاہم شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے خضدار ریفر کر دیا گیا۔

Share This Article