کیچ و کوہلو میں فورسز پر حملے ، شاہراہ پرعسکریت پسندوں کی ناکہ بندی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ اور ضلع کوہلو میں پاکستانی فورسز پر حملے اور شاہراہ پرعسکریت پسندوں کی ناکہ بندی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ضلع کیچ میں نامعلوم افراد نے فورسز کے قافلے کو حملے میں نشانہ بنایا ہے۔

فورسز کو کیچ کے علاقے تمپ نذر آباد کے مقام پر نشانہ بنایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حملے میں ایک گاڑی کو شدید نقصان کا سامنا رہا ہے جس میں سوار اہلکاروں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

حملے کے فورا ً بعد تربت سے ہیلی کاپٹر جاہ وقوعہ پر پہنچ گئے جو بعدازاں واپس چلے گئے۔

تاہم حملے کے حوالے سے حکام کا موقف تاحال سامنے نہیں آیا ناہی حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول کی ہے۔

دوسری جانب ضلع کوہلو میں عسکریت پسندوں  نے شاہراہ پر ناکہ بندی کی ہے جبکہ دو مقامات پر فورسز کو حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

بدھ کے روز کوہلو اور سبی کے درمیان برگ کے علاقے میں مسلح افراد نے شاہراہ پر ناکہ بندی کرکے گھنٹوں تک گاڑیوں کی تلاشی لی۔

علاقائی ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے دوران ناکہ بندی ایک لیویز اہلکار کو حراست میں لیا تاہم بعدازاں انہیں رہا کردیا گیا۔

اس دوران فورسز نے علاقے میں پیش قدمی کی جن پر پہلے سے گھات لگائے مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں فورسز کو نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق فورسز نے مذکورہ علاقے میں دوسرے بھی پیش قدمی کی تاہم مسلح افراد نے دوبارہ ان پر حملہ کیا۔

حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article