سرفراز بگٹی کی "آپریشن آخری آپشن "کا بیان پیپلزپارٹی پالیسی نہیں ،مزاکرات کیلئے تیار ہیں، علی حسن زہری

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

پاکستان کے صدر آصف زرداری کے ترجمان اور بلوچستان کے وزیر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ناراض بلوچوں کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا بلوچستان میں قیام امن کے لئے آپریشن آخری آپشن سے متعلق بیان جذبات کا اظہار تھا لیکن پیپلز پارٹی کا پالیسی بیان نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی ماہ رنگ بلوچ ، اختر مینگل سمیت تمام ناراض بلوچوں اور سیاسی قائدین کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیڈا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ناراض بلوچ بھائیوں سے مذاکرات کے لئے تیار ہے ،بلوچستان کے مسئلے کا حل بندوق سے نہیں بلکہ بات چیت سے ممکن ہے ۔صدر پاکستان آصف علی زرداری مذاکرات کے ذریعے بلوچستان کے مسئلے کا حل ڈھونڈ نے کے حق میں ہیں، جعفر ایکسپریس کے واقعہ پر پوری قوم افسردہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر کی شہادت پر پاکستان کھپے کا نعرہ لگانے والا آصف زرداری بھی بلوچ ہے یہ ملک بھی ہمارا ہے ۔انہوں نے ناراض بلوچوں کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ جس سطح پر مذاکرات کرنا چاہیں پیپلز پارٹی اس کے لئے تیار ہے۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے 2013 میں آغاز حقوق بلوچستان پیکیج دے کر بلوچستان کے معاملات کو بہتر کیا اس وقت بھی صدرزرداری بلوچستان کی ترقی اور یہاں کے عوام کا طرز زندگی بہتر بنانے کے حوالے سے دن رات کوشاں ہیں۔ ان کے حالیہ دورہ چین کے موقع پر 7 معاہدوں پر دستخط ہوئے جس سے بلوچستان میں اربوں روپے کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہونے جا رہی ہے یہی نہیں بلوچستان کی بنجر زمینوں کو آباد کرنے کے لئے یوکرین کے ساتھ پانی کا معاہدہ آخری مراحل میں ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ چند ہفتوں میں معاہدے پر دستخط کے بعد یو کرین سے پائپ لائین کے ذریعے پانی بلوچستان لا کر یہاں کی زمینوں کو آباد کرنے کے منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جا سکے گا جس سے بلوچستان میں زراعت کو فروغ دے کر خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

انہوں نے ناراض بلوچوں کو مخاطب کرتے ہوئے دعوت دی کہ بلوچستان کے مسئلے کا حل گولی اور گالی میں نہیں بلکہ ٹیبل ٹاک میں ہےآ مزاکرات کی میز پر بیٹھ کر مل کر بات چیت کے ذریعےحل ڈھونڈتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس حملہ اور قیمتی انسانی جانوں کا ضیا انتہائی افسوسناک ہے اس افسوسناک واقعہ پر پوری قوم افسردہ ہے اس واقعہ میں ان سپاہیوں کو نشانہ بنایا گیا جو ہر مصیبت میں ہماری مدد کرتے تھے۔

Share This Article