جعفر ایکسپریس پر حملہ ناقابل برداشت ہے، سخت فیصلے ناگزیر ہیں سرفراز بگٹی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے کٹھ پتلی وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملہ ناقابل برداشت ہے اور اب بلوچستان میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت فیصلے ناگزیر ہیں۔

وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق ایک اجلاس ہوا جس میں جعفر ایکسپریس پر حملے سے متعلق ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے بریفینگ دی۔

اس اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری اور آئی جی ریلوے پولیس رائے طاہر سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

سرفراز بگٹی نے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ حملہ ناقابل برداشت ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

انھوں نے کہا کہ عسکریت پسند ایک انچ پر بھی قابض نہیں رہ سکتے، عسکریت پسندا نہ کارروائی کا مقصد پر تشدد ماحول کا تاثر قائم کرنا ہے۔‘

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’ملک دشمن عناصر کا کیک کی طرح پاکستان کو کاٹنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔‘

انھوں نے کہا کہ ’ہر طرح کی کنفیوژن سے نکل کر عسکریت پسندی کے خلاف جنگ سے لڑنا ہوگا۔‘

سرفراز بگٹی نے کہا کہ ’عوام کے تحفظ کے لیے سکیورٹی اداروں کو ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے۔‘

انھوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی ہوگی۔ بلوچستان میں امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، سخت فیصلے ناگزیر ہیں۔‘

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

Share This Article