بلوچستان کے علاقے وڈھ اور سبی میں ٹریفک حادثات میں 2 افراد ہلاک ہوگئے ۔ جھل مگسی کی بس کو سندھ کے علاقے میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس سے ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔جبکہ ڈیرہ اللہ یار میںایک شخص نے خودکشی کرلی۔
جھل مگسی سے کراچی جانے والی مسافر کوچ پرمسلح ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ہیڈ محررہلاک ، کلینر اور ایک مسافر زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق جھل مگسی گنداواہ سے کراچی جانے والی مسافر کوچ پر سندھ کے علاقعے دادو مہیڑ کے مقام پر ڈاکووں کی فائرنگ کے نتیجے میں پولیس تھانے گنداواہ کا ہیڈ محرر عباس علی مگسی موقع پر ہلاک جبکہ کلینر ایک مسافر زخمی ہو گیا ۔
ہلاک اور زخمیوں کوفوری طورپرہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔
پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پہنچ کر علا قے کو گھیرے میں لینے کے بعد شواہد اکھٹے کرکے ملزمان کی تلاش شرو ع کر دی ۔
دوسری جانب وڈھ اور سبی میں ٹریفک حادثات سے خاتون سمیت 2 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے ۔
خضدار کی تحصیل وڈھ پولیس کے مطابق پیر کے روز کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ وڈھ بدرنگ کے مقام پر کراچی سے کوئٹہ جانیوالی کاراورمخالف سمت سےآنیوالی ٹرالر کے درمیان تصادم ہوا۔
تصادم کے نتیجے میں مسماۃ (ف) اہلیہ ڈاکٹر مجیب الرحمٰن موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ ڈاکٹر مجیب الرحمان شاہوانی اور انکی کمسن بیٹی بی بی زینب ساکن سریاب کوئٹہ شدید زخمی ہوگئے۔
نعش اور زخمیوں کو وڈھ ہسپتال پہنچائے گئے جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعدکوئٹہ روانہ کردیاگیا۔
وڈھ پولیس نعش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کرکے مزید حادثہ کے متعلق تحقیقات کررہی ہے ۔
دوسری جانب سبی کے علاقے میں دو گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک بچے سمیت 3افراد زخمی ہوگئے ۔
سبی بائی پاس کے قریب تیز رفتار دو گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ بچے سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ۔
نعش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔
نعش ضروری کارروائی کے ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
مزید کارروائی سبی انتظامیہ کر رہی ہے۔
دریں اثنا ڈیرہ اللہ یار میں ساٹھ سالہ شخص نے خودکشی کرلی ۔
ڈیرہ اللہ یار شہید مراد کالونی کے ساٹھ سالہ رہائشی غلام حسین چانڈیو نے مبینہ طور پر گھریلو حالات سے تنگ آکر پستول سے فائرنگ کر کے خودکشی کرلی ۔
پولیس نے لاش کو تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔
مزید کارروائی جا ری ہے ۔