مارک کارنی کینیڈا کے نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

برطانیہ اور کینیڈا کے مرکزی بینکوں کے سابق سربراہ مارک کارنی کینیڈا کے نئے وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں۔

وہ کینیڈا کے موجودہ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی جگہ لبرل پارٹی کی قیادت بھی سنبھالیں گے۔

اتوار کے روز اپنی تقریر کے دوران کینیڈا کے نو منتخب وزیراعظم نے اپنی عوام کو متنبہ کیا کہ ملک پر کڑا وقت آنے والا ہے۔

کارنی کا کہنا تھا کہ کینیڈا پر یہ مشکل وقت ایک ایسے ملک کی وجہ سے آرہا ہے جس پر اب بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔

نو منتخب وزیرِ اعظم کا اشارہ امریکہ کی جانب تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے بطور امریکی صدر عہدہ سنبھالنے کے بعد سے امریکہ اور کینیڈا کے درمیان حالات کشیدہ ہیں۔

صدر ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا سے آنے والی مصنوعات پر 25 درآمدی ٹیرف عائد کیے جانے کے اعلان کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔

تاہم بعد ازاں صدر ٹرمپ نے کینیڈا پر ٹیرف کا اطلاق دو اپریل تک موؑخر کر دیا۔

امریکہ کی جانب سے محصولات کے جواب میں کینیڈا کے موجودہ وزیرِ اعظم جسٹن ٹرودو نے بھی 108 ارب ڈالرز کی امریکی مصنوعات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کر دی ہیں۔

ٹروڈو نے الزام لگایا ہے صدر ٹرمپ کی جانب سے محصولات عائد کرنے کا مقصد کینیڈا کی معیشت کو تباہ کرنا ہے تاکہ امریکہ کے لیے کینیڈا کو اپنی 51ویں ریاست بنانے کی راہ ہموار کی جا سکے۔ انھوں نے آخری دم تک مقابلہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اپنے خطاب میں کارنی کا کہنا تھا، ’ہم اس صدمے سے تو باہر آ رہے ہیں لیکن ہمیں یہ سبق یاد رکھنا ہوگا کہ ہمیں خود اپنا اور ایک دوسرے کا خیال رکھنا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا، ’ہمیں آنے والے مشکل دنوں میں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا۔‘

’میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ ایک ساتھ مل کر ہم اس بحران سے نکل سکتے ہیں۔‘

’ہم اس بحران سے پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر نکلیں گے کیونکہ کینیڈا کی بنیاد اس کے لوگوں کی طاقت پر رکھی گئی ہے۔‘

اتوار کے روز ہونے والی رائے شماری کے بعد مارک کارنی لبرل پارٹی کے سربراہ منتخب ہو گئے ہیں اور کیونکہ لبرل پارٹی اس وقت بر سرِ اقتدار ہے تو نتیجتاً کارنی کینیڈا کے نئے وزیرِ اعظم بھی منتخب ہو گئے ہیں۔

تاہم کارنی کی جانب سے وزیرِ اعظم کے عہدے کا حلف اٹھانے سے قبل جسٹن ٹروڈو کو اپنے عہدے سے باضابطہ طور پر استعفیٰ دینا ہو گا۔

ٹروڈو کے استعفے کے بعد کینیڈا کے گورنر جنرل کارنی سے وزیرِ اعظم کے عہدے کا حلف لیں گے اور انھیں حکومت بنانے کی دعوت دیں گے۔

تاہم 20 اکتوبر سے قبل کینیڈا میں عام انتخابات کروانے ضروری ہیں۔ اس لیے توقع نہیں کی جارہی کہ نیا وزیر اعظم زیادہ دیر تک اس عہدے پر فائز رہے گا۔

Share This Article