ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ جنگ اور ’بڑی ماحولیاتی تباہی‘ کا سبب بنے گا، قطر

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

قطری وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی نے ایک انٹرویو میں ایران کی جوہری تنصیبات پر ممکنہ حملے کے بارے میں خبردار کیا ہے کہ یہ عمل جنگ اور ’بڑی ماحولیاتی تباہی‘ کا سبب بنے گا۔

ٹکر کارلسن، جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور ایک قدامت پسند میڈیا شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں‘ نے قطری وزیر اعظم کا انٹرویو کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکی کانگریس کی جانب سے بہت جلد ایران کی جوہری تنصیبات پر فضائی حملوں کی منظوری دی جا سکتی ہے۔‘

جس پر قطری وزیر اعظم نے جواب دیا کہ ’قطر کے ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے اپنے تحفظات ہیں لیکن ہم ایران کے جوہری مسئلے کے کسی عملی حل تک پہنچنے کے بارے میں پر امید ہیں کیونکہ ایران کے سپریم لیڈر نے ایک فتویٰ جاری کیا تھا کہ ان کا ملک کبھی بھی ایٹم بم بنانے کی کوشش نہیں کرے گا۔‘

ایران کی جوہری تنصیبات پر ممکنہ حملے کے بارے میں محمد بن عبدالرحمن الثانی نے مزید کہا کہ ’ایسا عمل صرف جنگ ہی شروع کرے گا، جس کی زد میں ہورا خطے آئے گا کیونکہ یہ فطری بات ہے کہ جس بھی ملک پر حملہ کیا جائے گا، وہ جواب دے گا۔‘

قطری وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ ایسا کوئی حملہ خطے کے پانیوں کو آلودہ کر دے گا جبکہ قطر اور دیگر ممالک کے لیے سنگین نتائج کے ساتھ ساتھ ’بڑی ماحولیاتی تباہی‘ کا سبب بنے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’اگر ایران کی جوہری تنصیبات پر فوجی حملہ ہوتا ہے تو ایران صرف اپنی حدود میں نہیں بلکہ خطے میں بھی اس کا جواب دے گا اور کوئی بھی ایسا نہیں چاہتا۔ قطر کسی فوجی حملے کی حمایت نہیں کرتا۔ ہم ایران اور امریکہ کے درمیان سفارتی معاہدے کی امید کرتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات اور اس کے نتیجے میں کسی معاہدے تک پہنچنے کو ترجیح دیں گے۔

بی بی سی فارسی کے مطابق امریکی نیوز چینل ’فاکس نیوز‘ کو ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر بات چیت کرنا چاہتے ہیں اور اسی ضمن میں انھوں نے جمعرات کو ایرانی قیادت کو ایک خط لکھا، جس میں صدر ٹرمپ کی جانب اس امید کا اظہار کیا گیا کہ ایرانی رہنما بات چیت پر راضی ہو جائیں گے۔

صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ مذاکرات کرنے پر تیار ہو جائیں گے کیونکہ یہ ایران کے لیے بہت بہتر ہو گا۔‘

Share This Article