رینجرز اورکائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) نے پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر کراچی کے علاقے ملیر میں بلوچ مسلح تنظیم سے وابستہ ایک شخص کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بلوچ مسلح تنظیم بلوچ ریپبلکن آرمی (بی آر اے) کے عسکریت پسند کو گرفتار کرلیا گیا اور اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
میڈیا دعوے کے مطابق سی ٹی ڈی اور رینجرز نے ملیر میں مشترکہ کارروائی کی جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف عسکری کارروائیوں میں ملوث بلوچ ریپبلکن آرمی کا عسکریت پسند گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتارعسکریت پسند کی شناخت زبیر احمد عرف زبیو کے نام سے کی جارہی ہے اور دعویٰ کیا جارہا ہے کہ مذکورہ شخص نے 2016 میں بی آر اے کے کمانڈر زرین عرف کرنٹ کے گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی۔
مزید دعویٰ کیا جارہا ہے کہ زبیر احمد عرف زبیو نے انکشاف کیا کہ اس نے 2016 میں ساتھیوں کےساتھ مند بھلو ایف سی چیک پوسٹ تمپ گریڈاسٹیشن پر حملہ کیا تھا۔ ایف سی کیمپ اور رود بن ایف سی چیک پوسٹ پر راکٹ لانچر اور بھاری ہتھیاروں سے حملے کا بھی اعتراف کیا۔
میڈیا دعوے میں مزید کہا گیا کہ مذکورہ شخص 2016 سے 2019 تک بلوچستان میں انتہائی سرگرم رہا جب کہ وہ اپنی گرفتاری سے بچنے کے لیے 2020 میں بیرون ملک فرار ہوا تھا۔