امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ معدنیات سے متعلق ڈیل یوکرین کے لیے بھی بہت بڑی ڈیل ہو گی کیونکہ اس سے وہ ہمیں یوکرین لے جائیں گے، اب ہم وہاں کام کرنے جا رہے ہیں۔‘
ٹرمپ کے مطابق ’ہم جب یوکرین میں ہوں گے اس سے خود بخود اس ملک کو تحفظ حاصل ہو جائے گا۔ جب ہم وہاں ہوں گے تو پھر کوئی بھی ہمارے لوگوں کے ساتھ دھینگا مشتی کرنے کی جرات نہیں کرے گا۔‘
ٹرمپ ایک صحافی کے سوال میں یہ جواب دے رہے تھے جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ وہ یوکرین کو کس قسم کی سکیورٹی گارنٹی دے رہے ہیں۔
صحافی کے اس سوال کے جواب میں امریکی صدر نے کہا کہ ’اس سے بڑھ کر میں کوئی اور گارنٹی نہیں دے سکتا۔‘
ٹرمپ نے کہا کہ ’ہم یورپ سے کہیں گے وہ یہ ضمانت دیں کیونکہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ یورپ یوکرین کا پڑوسی ہے۔‘
امریکی صدر نے یوکرین کی قیمتی معدنیات سے متعلق کہا کہ اس ڈیل سے ہلاکتوں کا سلسلہ ختم ہو جائے گا اور امریکہ کو اس سے آمدن ملے گی اور بہت کچھ حاصل ہوگا۔
ٹرمپ نے کہا کہ گذشتہ امریکی انتظامیہ نے امریکہ کو بہت برے مقام پر لا کھڑا کر دیا تھا۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی ٹیکس دہندگان کو یورپ سے زیادہ اب یوکرین کے لیے ادائیگی نہیں کرنی چاہیے۔
امریکی صدر نے کہا کہ جنگ بندی سے متعلق معاہدہ بہت قریب ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’ہم روس اور یوکرین کے ساتھ ایک معاہدہ کرنے جا رہے ہیں کہ لوگوں کو مارنا بند کر دیں۔‘
ٹرمپ نے کہا کہ یہ بہت اہمیت کی حامل چیز ہے اور یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کی ٹیم اس حوالے سے پیشرفت میڈیا سے شیئر کرتی رہے گی۔
صدر ٹرمپ نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ وہ اور یوکرین کے صدر کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے جا رہے ہیں جو بہت بڑی کامیابی ہوگی۔ ٹرمپ نے کہا ہمارے روس کے ساتھ تعلقات بہت اچھے ہو رہے ہیں اور انھوں نے اپنی ٹیم کی تعریف کی کہ وہ اس حوالے سے بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔