پاکستان کے شہر لاہور میں نجی تعلیمی ادارے لاہور انسٹی ٹیوٹ آف مینیجمنٹ سائنسز (لمز) کے بعض طلبہ نے جمعے کو کیمپس میں اُس وقت فوج کے خلاف نعرے بازی کی جب پاکستان فوج کے ترجمان ادارے ‘آئی ایس پی آر کے سربراہ وہاں خطاب کر رہے تھے۔
ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری فوج کے پروگرام ‘انٹریکٹ وِد اسٹوڈنٹس’ کے تحت لاہور میں قائم لمز گئے تھے جب کہ اسی طرح کی ایک تقریب ہفتے کو نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) لاہور میں بھی منعقد ہوئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق لمز میں طلبہ و طالبات کے ایک گروپ نے فوجی ترجمان کے ساتھ ہونے والی خصوصی نشست کا بائیکاٹ کیا اور اُس ہال کے باہر نعرے بازی شروع کر دی جہاں اِس نشست کا اہتمام کیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر موجود بعض ویڈیوز میں طلبہ کو نعرے لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس میں وہ پاکستان کے مبینہ خراب حالات کا ذمے دار فوج کو قرار دے رہے تھے۔
ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نعرے لگوانے والے کا منہ اپنے ساتھیوں کی طرف ہے جب کہ اُس کے نعروں کا جواب دینے والوں کے چہرے نظر نہیں آ رہے۔
لمز کے ایک اُستاد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کو لمز بزنس اسکول کی انتظامیہ نے مدعو کیا تھا اور جس مقام پر طلبہ نے نعرے بازی کی وہ شعبہ سوشل سائنسز کے باہر ہال ہے۔
تاہم سیکیورٹی ذرائع سے موصول واٹس ایپ میسج میں کہا گیا ہے کہ لیفٹننٹ جنرل احمد شریف کی لمز آمد پر اساتذہ، طلبہ اور انتظامیہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیااور خصوصی نشست کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ کے مختلف سوالات کے مدلل اور مؤثر جوابات دیے۔
پیغام مزید کہا گیا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ کے ساتھ پاکستان کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتِ حال سمیت مختلف موضوعات پر بھی مفصل گفتگو کی۔
یہ پہلا موقع نہیں جب کسی اعلٰی فوجی افسر نے لمز میں طلبہ سے خطاب کیا ہو ۔
اِس سے قبل فوج کے سابق سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بطور آرمی چیف لمز کے طلبہ سے خطاب کیا تھا تو انہیں طلبہ کے سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اِسی طرح ماضی میں سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو بھی لمز میں طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست کے موقع پر سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ معاشرے میں اختلافِ رائے کے لیے شائستگی کا عنصر ختم ہوتا جا رہا ہے۔نوجوان نسل اور خاص طور پر طلبہ کی ایسی ذہن سازی ہوئی ہے کہ وہ کسی مباحثے کا حصہ بننے کے بجائے بات چیت کو فتح یا شکست تصور کرنے لگتے ہیں۔
دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز سمجھتے ہیں کہ یہ ایک خاص قسم کی ذہن سازی ہے کہ فوج اور فوجی حکام پر تنقید کی جائے۔
اُنہوں نے کہا کہ فوجی افسران ایک طے شدہ پروگرام کے تحت مختلف تعلیمی اداروں میں جا کر طلبہ سے بات کرتے ہیں تا کہ اُن کے ذہنوں میں موجود شکوک وشبہات کو بات چیت کے ذریعے ختم کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان فوج پر سیاست میں مداخلت کا الزام لگتا رہا ہے جب کہ فوجی ترجمان بارہا کہتے رہے ہیں کہ ان کا کوئی فیورٹ نہیں اور وہ سیاست سے دور ہیں۔