بلوچستان کے علاقے بولان میں فائرنگ اور گڈانی میں ٹریفک حادثے سے 2 افراد ہلاک اور خواتین و بچوں سمیت متعدد زخمی ہوگئے۔
بولان کے علاقے گوٹھ داد بنگلزئی میں دو قبیلے کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
بولان کے علاقے لیویز تھانہ حاجی شہر کے حدود لمجی کے قریب گوٹھ داد بنگلزئی میں سوریانی اور کھوکھر قبیلے میں معمولی تنازعہ پر فائرنگ کے نتیجے میں کھوکھر قبیلے کے ہزار کھوکھر ہلاک ہوگیا۔
پوسٹ مارٹم کے بعد لیویز فورس نے نعش ورثا کے حوالے کردی۔
دوسری جانب گذشتہ روزمنگل کوگڈانی لک بدوک کے قریب کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر تیز رفتار مسافر بردار کوچ اور مزدا ٹرک کے درمیان تصادم سے ایک شخص ہلاک اورخواتین و بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
نعش اور زخمیوں کو حب اسپتال منتقل کرنے اور ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد زخمیوں کو ٹراما سینٹر کراچی ریفر کردیا گیا ۔
زخمیوں کو فوری طور پر 1122اور ایدھی ایمبولینس کے ذریعے حب اسپتال منتقل کردیا گیا اور حسب روایت ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کیلئے کراچی ٹراما سینٹر منتقل کر دیئے گئے جبکہ ہلاک شخص کی نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ۔