یوکرین اور روس جنگ کے خاتمے کیلئے روس اور امریکہ کے درمیان سعودی عرب میںہونے والے مذاکرات کا پہلا دور ختم ہوگیا جس میں مذاکراتی ٹیم بنانے پر اتفاق کیا گیاہے۔
امریکہ کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں روسی اور امریکی حکام کے درمیان ہونے والی ملاقات ختم ہو چکی ہے۔
یہ ملاقات چار گھنٹے تک جاری رہی جس میں دن کے کھانے کا وقفہ بھی شامل ہے۔
روسی صدر پوتن کے فارن پالیسی ایڈوائزر یوری اشاکوف کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمیر پوتن کی ملاقات کا کوئی امکان موجود نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’ہم اس حد تک متفق ہوئے ہیں کہ جلد مذاکرات کے لیے امن کاروں کی ایک علیحدہ ٹیم آپس میں ملاقات کرے گی۔‘
امریکہ اور روس کے درمیان آج ہونے والے مذاکرات میں چار اہم نکات پر اتفاق ہوا ہے۔
امریکی دفتر خارجہ کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق دونوں ممالک نے اس پر اتفاق کیا ہے کہ وہ ایک ایسا مشاورتی عمل تشکیل دیں گے کہ جس سے دونوں ممالک کے درمیان پائی جانے والی تلخیوں کو کم کیا جا سکے اور دونوں ممالکے درمیان سفارتی تعلقات کو معمو ل پر لایا جا سکے۔
امریکہ کے مطابق دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کے لیے اعلیٰ سطح کے وفود تشکیل دینے پر اتفاق ہوا ہے۔ دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ یوکرین میں جنگ کے خاتمے اور امن کے ذریعے معاشی اور دیگر شعبوں میں آگے بڑھنے کے بہتر مواقع تلاش کیے جا سکتے ہیں۔
دونوں ممالک نے بروقت اور مرحلہ وار مذاکرات پر اتفاق کیا ہے۔
امریکہ نے اس ملاقات کی میزبانی کرنے پر سعودی عرب کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔