سبی میں فائرنگ ،تربت میں ٹریفک حادثہ، 2 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے سبی میں فائرنگ اور تربت میں ٹریفک حادثے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

سبی کے علاقے محلہ اللہ آباد نزد چمڑا کارخانہ میں ایک بھائی نے دوسرے بھائی کو گولیاں مار کر قتل کر دیا۔

پولیس اور ایدھی ذرائع کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر ذاتی تنازعے کی بنا پر اپنے بھائی کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

واقعے کے فورا بعد ایدھی ایمبولینس کی مدد سے مقتول کی لاش کو سول ہسپتال سبی منتقل کر دیا گیا، جہاں ضروری قانونی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

قتل کی وجوہات کے بارے میں تاحال کوئی واضح معلومات نہیں مل سکیں، تاہم پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں ایک ٹریفک حادثے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ایم ایٹ شاہراہ پر تربت یونیورسٹی کے نزدیک ٹریفک کے حادثے میں موٹرسائیکل اور کرولا کار کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار ایک شخص موقع پر ہلاک جب کہ ان کا ساتھی زخمی ہوا۔

نعش اور زخمی کو ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کردیا گیا ۔

پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار شبیر احمد ولد نتھو خان ساکن الیاس گوٹھ کراچی ہلاک جب کہ عقیل ولد جمیل احمد ساکن کراچی جن کی قومیت مہاجر ہے زخمی ہیں۔

Share This Article