مند وقلات میں فورسز پر حملے، مستونگ میں فائرنگ،متعدد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے مند میں پاکستانی فورسز پر حملے میں ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں ۔دوسری جانب قلات میں لیویزفورس پر حملے میں ایک اہلکار مارا گیا جبکہ مستونگ میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیاہے ۔

مند سے اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ عسکریت پسندوں نے فورسز کی چوکی پر شدید نوعیت کا حملہ کیا ہے ۔

ذرائع کے دعوے کے مطابق عسکریت پسند چوکی کے اندر داخل ہو ئے اور تمام اہلکاروں کو ہلاک کرکے ان کے اسلحہ و دیگر سازوسامان قبضے میں  لیکر اپنے ساتھ لے گئے۔

دعوے میں مزید کہا گیا کہ فورسز کی کمک کے لئے آنے والے قافلے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

مذکورہ واقعہ کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے اور نہ ہی کسی تنظیم نے اب تک اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

دوسری جانب قلات میں لیویز چوکی پر حملے میں ایک اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق قلات کے علاقہ توغو چھپر میں لیویز چوکی پر نامعلوم مسلح افراد کا حملہ کیا۔

حملے میں ایک لیویز اہلکار ہلاک اور دو شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال قلات میں طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کردیاگیا۔

واقع کے بعد لیویزفورس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے ۔

دریں اثنا مستونگ کے تحصیل کردگاپ کے علاقے کلی آشخان خڑگی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

اسسٹنٹ کمشنر کردگاپ کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت مولوی عبدالواحد ولد عبدالعزیز کے نام سے ہوگئی ہے۔

Share This Article