پنجگور، دالبندین و حب میں بلوچ اقدار کے دفاع کیلئے ریلیاں و احتجاجی مظاہرے

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے علاقے پنجگور، دالبندین اور حب میں گذشتہ روزبدھ کو بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی)کی جانب سے بلوچ اقدار کے دفاع کیلئے ریلیاں و احتجاجی مظاہرے منعقد کئے گئے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی حب زون نے حب میں بلوچستان میں "بلوچ اقدار کا دفاع، مزاحمت اور بازیافت؛ بقا، وجود اور وقار کے لیے” کے بینر تلے ایک ریلی اور احتجاج کا انعقاد کیا۔

یہ مظاہرہ لیاری میں کریک ڈاؤن اور ملیر میں بے گناہ بلوچوں کی جھوٹی ایف آئی آر اور گرفتاریوں کے ردعمل میں کیا گیا۔

https://twitter.com/BalochYakjehtiC/status/1882152648092344736

احتجاج میں خلل ڈالنے کی کوشش میں کچرے کے ٹرکوں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو ایک بار پھر راستہ روکنے کے لیے استعمال کیا گیا۔

مقررین ماہ زیب بلوچ اور بالاچ بلوچ نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے 25 جنوری کو دالبندین میں ہونے والے قومی اجتماع میں شرکت کی تلقین کی۔

ادھر پنجگور میں بلوچ یکجہتی کمیٹی نے بلوچ نسل کشی کے خلاف "بلوچ اقدار کا دفاع” کے عنوان سے ایک احتجاجی ریلی نکالی۔

ریلی کا آغاز شہدا چوک پنجگور سے ہوا۔

https://twitter.com/BalochYakjehtiC/status/1882140932872745329

مظاہرے میں خواتین، بچوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

شرکاء نے بلوچ اقدار اور خواتین کے تحفظ کی حمایت کا اظہار کیا۔

ریلی میں شامل خواتین نے مختلف مقامات پر وال چاکنگ بھی کی، بلوچ نسل کشی کی مخالفت کو اجاگر کیا اور 25 جنوری کے پروگرام کی حمایت کا اظہار کیا۔

ریلی کا مقصد کراچی میں لیاری کے واقعے، بلوچ خواتین کی بے حرمتی اور ان کے تقدس کی پامالی، رازداری کی خلاف ورزی، غیر قانونی گرفتاریوں اور بلوچ عوام کی منظم نسل کشی کے خلاف احتجاج کرنا تھا۔

اسی طرح بلوچ یکجہتی کمیٹی چاغی زون کے زیرِ اہتمام دالبندین میں بھی “دفاع بلوچ اقدار” کے عنوان سے ایک ریلی نکالی گئی، جو عرب مسجد سے شروع ہو کر کلی قاسم خان گراؤنڈ تک پہنچی۔

ریلی میں مرکزی رہنما ڈاکٹر صبیحہ بلوچ بھی شریک تھیں اور مظاہرین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں دالبندین پہنچ کر تحریک کا حصہ بنیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے بلوچ اکثریتی علاقے لیاری میں بلوچ یکجہتی کمیٹی پر سندھ پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد مرد و خواتین کارکنان کو گرفتار کر لیا تھا، جس کے خلاف بلوچ یکجہتی کمیٹی نے “دفاع بلوچ اقدار” کے نام سے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا۔

Share This Article