تربت و کلاتک میں آئی ای ڈی دھماکا ، پولیس چوکی پر حملہ، اسلحہ لے گئے

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ میں آج بروز ہفتہ آئی ای ڈی دھماکا اور پولیس چوکی پر حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

تربت شہر سے علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں پرانا چونگی پولیس ناکہ نمبر 15 پر نامعلوم مسلح افراد نےحملہ کرکے پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنایا اور ان سے سرکاری اسلحہ سمیت واکی ٹاکی سیٹ اور دیگر سرکاری سامان چھین لیے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق مسلح حملہ آور موٹرسائیکلوں پر سوار تھے اور کارروائی کے بعد جنگل کی طرف بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

اس واقعہ کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

جبکہ آئی ای ڈی دھماکا تربت شہر سے متصل کلاتک میں اجتماع گاہ کے قریب مند روڈ پر ہواہے۔

پولیس کے مطابق کلاتک کے علاقے میں اجتماع گاہ کے قریب مند روڈ پر ایک آئی ای ڈی دھماکہ کیا گیا جس میں پولیس کے مطابق کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

کہاجارہا ہے کہ تربت مند روڈ ایف ڈبلیو او کے ذریعے تعمیر کی جارہی ہے۔

جبکہ مقامی لوگوں کے مطابق مذکورہ مقام پر ایک دہماکہ کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیں۔

مذکورہ دونوں حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے ۔

Share This Article