بلوچستان کے ضلع گوادرکے علاقے جیونی پانوان سے 29 دسمبر، 2024 کو پاکستانی فوج کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد جبری لاپتہ عمران ولد محمد کی بازیابی کے لیے لواحقین نے پانوان روڈ پر دھرنا دے رکھا ہے۔
دھرنے میں خواتین اور بچے بڑی تعداد میں موجود ہیں جو عمران محمد کی بازیانی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کی لہر میں اضافہ ہوا ہے جس کے ردعمل میں بلوچستان کے طول و عرض میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔
گوادر میں گزشتہ روز نعمان اسحاق ولد اسحاق بلوچ کی جبری گمشدگی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کو انتظامیہ کی یقین دہانی پر ختم کیا گیا تھا لیکن لواحقین نے عندیہ دیا ہے کہ اگر نعمان اسحاق اور دیگر جبری گمشدگان کی رہائی عمل میں نہیں آئی تو ضلع گوادر میں جبری گمشدگان کے لواحقین مشترکہ طور پر احتجاج کرکے سی پیک روڈ پر دھرنا دیں گے۔
انسانی حقوق کے ادارے بلوچستان میں جبری گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں جس کی ذمہ دار پاکستانی فوج ہے۔