امریکہ میں برفانی طوفان کے نتیجے میں کئی ریاستوں میں معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔
حکام کے مطابق امریکی ریاستوں ٹیکساس، میسوری، کنساس، ورجینیا اور جنوبی کیرولائینا میں برفانی طوفان کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے نتیجے میں اب تک چھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ان میں سے بیشتر اموات سڑکوں پر برف جمنے کے باعث ہوئی ہیں جبکہ ٹیکساس میں ایک بس سٹاپ کے باہر سے ایک شخص کی لاش ملی ہے۔
سات امریکی ریاستوں میری لینڈ، میسوری، ورجینیا، مغربی ورجینیا، کنساس، کینٹکی اور آرکنساس میں ایمرجنسی نافذ ہے۔
ریاست کنساس کے کئی حصوں میں اب تک 18 انچ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے جس کے باعث بیشتر سڑکیں بند ہیں۔
امریکہ میں لوڈشیڈنگ پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ پاور آؤٹیج کے مطابق چھ ریاستوں میں بجلی کے ترسیل کے نظام میں خلل پڑا ہے جس کے نتیجے میں ڈھائی لاکھ کے قریب صارفین بجلی سے محروم ہیں۔
برفانی طوفان کی وجہ سے اب تک تقریباً 2200 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جب کہ 23 ہزار سے زائد کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
موسم کی پیش گوئی کرنے والے اداروں کے مطابق منگل کو بھی سرد موسم جاری رہے گا تاہم آئند چند دنوں میں سردی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔