بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سمیت وسطی اور شمالی بلوچستان میں دو روز کے وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
کوئٹہ شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا سلسلہ گذشتہ شب شروع ہوا۔
کوئٹہ کے ساتھ ساتھ قلات، مستونگ، خانوزئی، کان مہترزئی، مسلم باغ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب نیشنل ہائی ویز اتھارٹی اور پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حکام کوئٹہ چمن شاہراہ، لکپاس کے علاقے میں کوئٹہ کراچی شاہراہ، کوئٹہ ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ سے برف ہٹانے اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
این ایچ اے کے مطابق، ان شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں ہے۔
اس کے علاوہ افغانستان سے متصل توبہ اچکزئی میں اغبرگ دوبندی سمیت بعض علاقوں سے شاہراہوں کی بندش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ تاہم قلعہ عبداللہ اور چمن انتظامیہ کا کہنا ہے شاہراہوں کو کھولنے کے لیے اقدامات جاری ہیں ۔
گذشتہ روز زیارت اور کچھی کی انتظامیہ نے شدید سردی اور موسمی حالات کے باعث تفریحی مقامات پر جانے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز دفعہ 144 کے تحت یہ پابندیاں نافذ کی ہیں۔