ایرانی میڈیا کے مطابق، ایران کی وزارت ثقافت کے فارن میڈیا ڈپارٹمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ اطالوی شہری سیشیلیا سالا کو اسلامی جمہوریہ ایران کے قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سیشیلیا سالا 23 دسمبر 2024 کو صحافی کے ویزے پر ایران آئیں اور 29 دسمبر 2024 کو قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار ہوئیں۔
وزارت کے بیان کے مطابق، ایران کی پالیسی ہمیشہ بین الاقوامی میڈیا کے جائز سفر اور سرگرمیوں کا خیرمقدم کرنے اور ان کے قانونی حقوق کا تحفظ کرنے پر مبنی رہی ہے۔ چودھویں حکومت میں اس پالیسی پر سختی سے عمل کیا گیا ہے تاکہ ملک میں غیر ملکی میڈیا کی سرگرمیوں میں اضافہ ہو سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسز سالا کا کیس زیرِ تفتیش ہے اور ان کی گرفتاری متعلقہ قوانین کے مطابق عمل میں لائی گئی۔ تھران میں اطالوی سفارت خانے کو اطلاع دے دی گئی ہے، اور دوران حراست انھیں قونصلر رسائی کے ساتھ ساتھ اپنے اہل خانہ سے فون پر رابطے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
اعلان کے آخر میں بتایا گیا کہ عدالتی نظام کی اجازت سے مستقبل میں کیس کی مزید تفصیلات کا انکشاف کیا جا سکتا ہے۔