بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس کی گاڑی پر دھماکے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق گاڑی کے قریب دھماکا کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر ہوا ہے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع کی جانب روانہ ہوگئے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ بروری کے علاقے مغربی بائی پاس پر مددگار پولیس کی گاڑی پر دستی بم حملہ کیا گیا۔
پولیس کے مطابق دستی بم حملے میں ایک اہلکار زخمی ہوا جب کہ مددگار پولیس کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔
کوئٹہ میں دیگر واقعات میں 2افرا دکوقتل کردیا گیا ہے۔
کوئٹہ میں تھانہ جناح ٹاون کی حدود میں کلی برات میں دکاندار کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کو تیز دار آلے سے دکان کے اندر قتل کیا گیا۔
واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ۔
پولیس کے مطابق مقتول کا تعلق بلوچستان کے ضلع نصیرآباد سے ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے کیچی بیگ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ شب کوئٹہ کے علاقے کیچی بیگ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نصیب اللہ نامی شخص کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور نعش کو تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کردیا ۔
نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردیا گیا ۔
پولیس نے مزید کارروائی شروع کردی۔