دکی میں کوئلہ کانوں پر مسلح افراد کے حملے، 20 کانکن ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
1 Min Read

بلوچستان کے علاقے دکی سے اطلاعات ہیں کہ مقامی کوئلے کی کانوں پر نامعلوم مسلح افراد کے حملوں میں 20کان کن ہلاک جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے دعوے کے مطابق رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے دکی کے ڈسٹرکٹ چیئرمین حاجی خیر اللہ کی کوئلہ کانوں پر راکٹ و دستی بم سے حملہ کیا اور وہاں موجود کان کنوں پر فائرنگ کردی جس سے 20کان کن ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔

پولیس دعوے کے مطابق حملوں ہلاک ہونے والے کان کنوں کا تعلق پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب، مسلم باغ، موسی خیل، کچلاک اور افغانستان سے ہے۔

میڈیکل آفیسر دکی اسپتال ڈاکٹرجوہر سدوزئی کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ مسلح افراد کے حملے میں زخمی ہونے والوں کو دکی اسپتال میں طبی امداد کے بعد ٹیچنگ اسپتال لورالائی منتقل کردیا گیا ہے۔

کوئلہ کان کے مالک حاجی خیر اللہ نے بتایا کہ مسلح افراد نے10 کوئلہ کانوں کی مشینری کو بھی جلا دیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف سی موقع پر پہنچ گئی اور سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment