جاپان : ہوائی اڈے پر بم پھٹنے سے رن وے تباہ،پروازیں منسوخ

0
26

جاپان کے ایک ہوائی اڈے پر دوسری عالمی جنگ کا زمین میں دفن ایک بم کے پھٹنے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ گوکہ کوئی زخمی نہیں ہوا لیکن رن وے پر بڑا گڑھا بن گیا اور تقریباً 90 پروازیں منسوخ کرنی پڑیں۔

جاپان کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق، جنوب مغربی جاپان کے میازاکی ہوائی اڈے پر بدھ کی رات یہ دھماکہ ہوا لیکن کوئی بھی زخمی نہیں ہوا، اور بم دھماکے کے وقت آس پاس کوئی طیارہ موجود نہیں تھا۔

بم ڈسپوزل ٹیم نے تصدیق کی ہے کہ یہ دھماکہ سطح کے نیچے دبے ایک امریکی بم کی وجہ سے ہوا، جو دوسری عالمی جنگ کے دوران گرایا گیا تھا۔ دھماکے سے رن وے پر 7 میٹر چوڑا اور ایک میٹر گہرا گڑھا پڑ گیا، جس کے بعد ایئرپورٹ کو بند کرنا پڑا اور 80 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

سیلف ڈیفنس فورسز اور پولیس نے بتایا کہ دھماکہ 500 پاؤنڈ کے امریکی بم کی وجہ سے ہوا اور حکام اس بات کا تعین کر رہے ہیں کہ اس اچانک دھماکے کی وجہ کیا تھی۔

جاپان کے کابینہ سکریٹری یوشیماسا حیاشی نے کہا کہ گڑھے کو بھرنے کا کام جمعرات کی صبح کو مکمل کرلیا گیا اور پروازیں شروع ہو گئی ہیں۔

جاپان کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ دوسری عالمی جنگ کے دوران امریکی فوج نے جو بم گرائے ان میں سے بہت سے پھٹ نہیں پائے تھے اور تعمیراتی کام کے لیے زمین کی کھدائی کے دوران ملتے رہتے ہیں۔ ایسے بم اب بھی پورے جاپان میں پائے جاتے ہیں۔

وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق، دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کو 79 سال سے زیادہ ہونے کے باوجود، میازاکی ہوائی اڈے پر اس سے قبل متعدد نہ پھٹنے والے بم ملے ہیں۔ صرف 2023 میں، سیلف ڈیفنس فورسز نے 37.5 ٹن وزنی 2,348 بموں کو ناکارہ بنایا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here