پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کے شکار نور عالم کی بازیابی کیلئے اہلخانہ نے کوئٹہ میں وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے کیمپ سے احتجاجی ریلی نکالی جو عدالت روڈ ، سرکلر روڈ ، جناح روڈ، منان چوک اور عدالت روڈ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئی ۔
حق دو تحریک کے سربراہ رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن سمیت دیگر نے بھی ریلی میں اظہار یکجہتی کے لئے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاءنے نور عالم سمیت دیگر لاپتہ کئے گئے اپنے پیاروں کی بازیابی کے لئے نعرہ بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ نور عالم کو گزشتہ 7 سال سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا ہے تا حال اس کا کچھ معلوم نہیں کہ وہ کہاں ہے ۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمارے لاپتہ کئے گئے پیاروں پر کوئی الزام ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے تاکہ قانون کے مطابق ان کے خلاف کارروائی ہوسکے۔
اگر انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا تو انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے تاکہ ان کے پیاروں کو جس اذیت اور قرب سے گزرنا پڑتا ہے اس اذیت اور انتظار سے انہیں نجات مل سکے۔
مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔