پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان سے استعفے نہیں آئے صرف ایک آیا ہے کیونکہ اختر مینگل کے ساتھ سیاسی مسئلہ ہوگیا تھا اور اب مینگل صاحب کے پاس یہی راستہ تھا کہ وہ استعفیٰ دے کر بتاتے کہ وہ بلوچوں کے ساتھ ہیں۔
سکھر میں یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان استعفے نہیں آئے بلکہ صرف ایک استعفیٰ آیا ہے کیونکہ اختر مینگل صاحب کے ساتھ سیاسی مسئلہ ہوگیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ایک خاتون (ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ)سیاسی طور پر مضبوط ہو گئی ہیں لہٰذا اب مینگل صاحب کے پاس یہی راستہ تھا کہ وہ استعفیٰ دے کر بتاتے کہ وہ بلوچوں کے ساتھ ہیں اور میں تو کہوں گا کہ انہیں بلوچوں کے ساتھ ہونا بھی چاہیے کیونکہ بلوچستان، پنجاب سندھ اور خیبر پختونخوا ہی پاکستان ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان نیشنل پارٹی(مینگل) کے سربراہ اختر مینگل نے پاکستان کی قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔