بلوچستان کے علاقے خاران و دکی میں ٹریفک حادثات سے 3 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ لورالائی گھریلورنجش پر ایک شخص کوقتل کردیا گیا۔
خاران کے علاقے کوٹان میں عشا کے بعد سڑک پر دو موٹرسائیکلوں کے درمیان تصادم پیش آیا جس کے نتیجے میں 2 نوجوان موقع پر ہلاک ہوگئے ۔
جن کی لاشوں کو ضروری کارروائی کیلئے سول ہسپتال خاران منتقل کرکے ورثا کے حوالے کردیا گیا۔
ہلاک نوجوانوں کی شناخت ضیا الدین ولد محمد اعظم ساکن خاران جبکہ دوسرے کا ریاض احمد ولد محمد رمضان کے ناموں سے ہوئی۔
دوسری جانب دکی میں ڈگری کالج کے نزدیک ٹرک اڈہ میںٹرک کے زد میں آنے سے فیض اللہ ولد محمد عثمان قوم دوتانی ساکن کلی حاجی انار ناصر ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ٹرک کے نیچے آنے سے متوفی کا سر مکمل طور پر مسخ ہوگیا ہے۔
لاش ضروری کاروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔
بتایا جاتا ہے کہ ہلاک شخص نے خود چھلانگ لگا کر ٹرک کے نیچے آکر خودکشی کی ہے۔
ہلاک شخص نے اپنا موٹر سائیکل سائڈ پر کھڑا کرکے ٹرک کی طرف لپک گیا تھاخودکشی کرنے والے کا ذہنی توازن بھی بظاہر درست معلوم نہیں ہوتی ۔
پولیس نے ٹرک اور ڈرائیور کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے۔
علاوہ ازیں لورالائی سے 20 کلو مےٹر دور کلی کنوبی کے مقام پر گھریلو تنازع پرفائرنگ سے محمد حنیف ولد محمد جان ناصرنامی ایک شخص ہلاک جبکہ محمد یونس ولد محمد جان ،نصیب اللہ ولد موسی جان نامی شخص زخمی ہو گئے۔
شدید زخمی نصیب اللہ کو کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔
وجہ عناد معمولی جھگڑا بتایا جاتا ہے۔
مزید کارروائی مقامی لیویز کررہی ہے۔