کوئٹہ میں وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے احتجاج کو 3981 دن مکمل ہوگئے۔ کوئٹہ سے پی ٹی ایم کے سلیمان اور ان کے ساتھیوں نے کیمپ کا دورہ کرکے لواحقین سے اظہار یکجہتی کی۔
وی بی ایم پی کے رہنماء ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں پاکستانی دہشتگردی اور بلوچ نسل کشی روز بروز شدید تر ہوتی جارہی ہے لیکن عالمی میڈیا نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے جب کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے اپنے ذمہ داریاں پوری نہیں کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا بلوچ فرزندوں کے جبری گمشدگیوں اور شہادتوں میں شدت لائی جاچکی ہے۔ بلوچستان بھر میں پاکستانی عسکری قوتوں کی بلوچ نسل کش اور دہشتگردانہ کاروائیاں جاری ہے لیکن عالمی برادری سمیت بین الاقوامی میڈیا بلوچ نسل کشی پر خاموشی اور اختیار کی ہوئی ہے۔ اقوام متحدہ دنیا بھر میں جاری دہشتگردی اور عالمی قوانین کی پامالی کے خلاف اپنا موثر کردار ادا کررہا ہے لیکن بلوچستان میں پاکستان کی جاری بلوچ نسل کشی اور بلوچ قوم کے خلاف دہشتگردانہ کاروائیوں کو روکنے میں اقوام متحدہ اپنا کردار ادا نہیں کررہا جو انتہائی تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے معاہدوں کا مقصد بلوچ قوم کی نسل کشی ہے تاکہ چین اور پاکستان سرزمین بلوچستان پر اپنے قبضے کو برقرار رکھ کر بلوچ قوم کے وسائل کے لوٹ مار کو جاری رکھ سکیں۔