بنگلہ دیش کے صدر نے کوٹہ مخالف طلبہ تحریک کے رہنماؤں کی جانب سے الٹی میٹم دیے جانے کے بعد ملک کی پارلیمان تحلیل کر دی ہے۔
منگل کو صدر کے دفتر کے پریس ونگ سے بھیجے گئے ایک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ صدر محمد صحاب الدین کے ساتھ تینوں فورسز کے سربراہان، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور کوٹہ سسٹم مخالف طلبہ تحریک کے رہنماؤں کی ملاقات کے فیصلے کے بعد ملکی پارلیمنٹ تحلیل کر دی گئی ہے۔
بنگلہ دیش کا انڈیا کے ساتھ ریل رابطہ پیر سے معطل ہے۔ ’ایئر انڈیا‘ اور ’انڈیگو‘ جیسی بڑی انڈین ایئر لائنز نے بنگلہ دیش کے لیے اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جب تک سرحد پر سے حفاظت سے گزرنے کی یقین دہانی نہیں کرائی جاتی تب تک ریل ٹریفک شروع نہیں ہوگی۔
حکام نے یہ فیصلہ میتری ایکسپریس، بندھن ایکسپریس اور متھالی ایکسپریس کے سفر میں گذشتہ کچھ ہفتوں سے خلل پڑنے کے بعد کیا ہے۔
اس سے قبل ان ٹرینوں کا یومیہ سفر 21 جولائی سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔ انڈیا کی وزارت خارجہ نے اتوار کو ایک انتباہ جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ آئندہ ہدایات تک بنگلہ دیش کا سفر نہ کریں۔
بنگلہ دیش کی گارمنٹس مینوفیکچررز کی تنظیم کی جانب سے تمام گارمنٹس فیکٹریوں کو بند رکھنے کی درخواست کی گئی ہے۔
بنگلہ دیش میں جاری سیاسی عدم استحکام اور مظاہروں کے دوران تشدد کی وجہ سے صنعتوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
تنظیم نے کہا کہ انھیں دوبارہ کھولنے کے بارے میں لائحہ عمل کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
بنگلہ دیش گارمنٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (بی جی ایم ای اے) کے مطابق بنگلہ دیش کی کل برآمدی آمدنی میں ریڈی میڈ گارمنٹس انڈسٹری کا حصہ 83 فیصد ہے۔
ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے اعداد و شمار کے مطابق، بنگلہ دیش نے 2023 میں 38.4 بلین ڈالر (29.7 بلین پاؤنڈ) کے کپڑے برآمد کیے، جس سے یہ چین اور یورپی یونین کے بعد کپڑوں کا تیسرا سب سے بڑا برآمد کنندہ بن گیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق، نوبیل انعام یافتہ ماہرِ اقتصادیات محمد یونس نے بنگلہ دیش میں عبوری حکومت کا مرکزی مشیر بننے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
ملک میں کوٹہ سسٹم کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ نے منگل کی صبح مطالبہ کیا تھا کہ شیخ حسینہ کے مستعفی ہونے کے بعد بننے والی عبوری حکومت پروفیسر یونس کی زیرِ نگرانی کام کرے اور انھیں اس حکومت کا چیف ایڈوائزر مقرر کیا جائے۔
پروفیسر یونس کے ترجمان کے مطابق وہ اس وقت علاج کے لیے پیرس میں موجود ہیں اورمعمولی طبی عمل کے بعد ’فوری طور پر‘ بنگلہ دیش واپس آ جائیں گے۔
منگل کی صبح طلبہ تحریک کے رابطہ کار ناہید اسلام نے کہا تھا کہ وہ پہلے ہی پروفیسر یونس سے عبوری حکومت کا سربراہ بننے کے بارے میں بات کر چکے ہیں۔
انھوں نے کہا تھا کہ ’ڈاکٹر محمد یونس سے بھی بات ہوئی ہے۔ انھوں نے طلبہ کی کال پر بنگلہ دیش کی حفاظت کے لیے یہ اہم ذمہ داری سنبھالنے پر اتفاق کیا ہے۔‘