بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں بلوچ راجی مچی کے شہدا کی یاد میں کینڈل واک کا اہتمام کیا گیا۔
مذکورہ کینڈل کاا نعقاد ان افراد کیلئے کیا گیا جو بلوچ یکجہتی کمیٹی کی راجی مچی پر ریاستی کریک ڈائون کیخلاف بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پر امن احتجاج کر رہے تھے جنہیں ریاستی فورسز نے فائرنگ وتشدد سے قتل کیا تھا۔
کوئٹہ میں سریاب روڈپر بلوچستان یونیورسٹی کے سامنے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے بلوچ راجی مچی کے شہیدوں کی یاد میں اور انکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کینڈل واک کا انعقاد کیا گیا اور شمعیں روشن کی گئیں۔
کینڈل واک میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس سلسلے میں بی وائی سی نے سوشل میڈیا پر اپنے آفیشل اکائونٹس سےمذکورہ واک کی ویڈیو فوٹیج جاری کرتے ہوئے کہا کہ بی وائی سی شال نے حال ہی میں شہید ہونے والے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک پروقارواک کا انعقاد کیا، جنہیں بلوچ راجی مچی جاتے ہوئے ریاستی فورسز نے بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ بہادر افراد بلوچ راجی مچی کا حصہ تھے جو بلوچ قوم کی جاری نسل کشی کے خلاف اس خواب کے ساتھ کھڑے تھے کہ ایک دن یہ وحشت ختم ہوگی اور ہمارے لوگ اپنے وطن میں سکون سے رہیں گے۔
بی وائی سی کا کہنا تھا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ یہ خوبصورت روحیں اسی نسل کشی کا شکار ہوئیں جس کی وہ مزاحمت کرنا چاہتے تھے۔ آج کے دن ہم ان بہادر بلوچ فرزندوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جن کی ہماری قوم کے لیے پرامن جدوجہد میں دی گئی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ ان کا خون آنے والی نسلوں کے لیے انصاف کی جنگ میں ہماری رہنمائی کا باعث بنے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ بلوچ قوم ان ہیروز کی مقروض ہے اور یہ جدوجہد اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک نسل کشی ختم نہیں ہو جاتی اور ہمارے وطن میں امن بحال نہیں ہو جاتا۔ ان کی میراث ہمیں ہمیشہ امن اور آزادی کے مستقبل کے لیے جدوجہد کرنے کی ترغیب دیتی رہے گی۔