بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں ضلع بھر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لاپتہ افراد کے لواحقین کے کیمپ کو سات دن مکمل ہوگئے۔
لواحقین کا کیمپ ضلعی انتظامیہ کیچ کے دفتر کے سامنے جاری ہے جس سے ضلعی انتظامیہ کے دفتر کے ساتھ کمشنر مکران، محکمہ خزانہ ،اور ضلع چیئرمین کیچ کا دفتر بھی گزشتہ ایک ہفتے سے بند ہے۔
لواحقین نے کیمپ کو ایک ہفتہ مکمل ہونے کے بعد بھوک ہرتال شروع کردیا۔
لواحقین کا کہناہے کہ ہمارے پیاروں کو بازیاب نہیں کیاگیا تو ہم مجبوراً احتجاج کے تمام آپشنز پر عمل کریں گے۔
لاپتہ افراد کے لواحقین کے کیمپ میں بلیدہ سے لاپتہ جان محمد کی والدہ بی بی شراتون کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ بے ہوش ہوگئیں جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔
کیمپ میں خواتین وبچوں کی بڑی تعداد شامل ہے جو ضلع کیچ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
کیمپ میں سیاسی وسماجی تنظیموں کے رہنمائوں نے شرکت کرکے اظہار یکجہتی کیا۔