چین کے دفتر خارجہ نے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ چین نے کورونا وائرس سے متعلق اعدادوشمار عالمی ادارہ صحت کو دینے میں تاخیر کی ہے۔ چینی دفتر خارجہ کے مطابق یہ تاخیر سے متعلق یہ دعوی حقائق کے منافی ہے۔
چین کے دفتر خارجہ کی یہ وضاحت خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی گذشتہ روز کی اس خبر کے بعد سامنے آئی ہے جس میں زرائع سے متعلق کہا گیا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کے حکام میں چین کی طرف سے کورونا وائرس کے مطلوبہ اعدادوشمار دینے میں تاخیر سے متعلق تشویش پائی جاتی ہے۔
اس خبر میں یہ دعوی بھی کیا گیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت اس وجہ سے چین کی کاوشوں کی تعریف کر رہا تھا تا کہ وہ وائرس سے متعلق چین سے مزید معلومات حاصل کر سکے۔
گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق چین کے دفتر خارجہ کے ترجمان ڑائو لی جان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا ہے کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ تاخیر سے متعلق کچھ رپورٹس حقائق کے بالکل منافی ہیں۔
ترجمان کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق واضح اعدادوشمار، حقائق اور اس وائرس کے خلاف چین کی حکمت عملی دنیا کے سامنے ہے۔