بلوچستان کے ساحلی شہر پسنی میں ایک رہائشی کوارٹر پر نامعلوم افرادنے ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا جس سے 4 افراد زخمی ہوگئے جبکہ صحبت پورمیں دوران ڈیوٹی پولیس اہلکار نے مبینہ طورپر خودکشی کرلی۔
ضلع گوادر کے تحصیل پسنی میں وارڈ نمبر 2 میں واقع ایک رہائشی کوارٹر پر نامعلوم افراد کی جانب سے ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں زاہد ولد غلام علی، امتیاز علی ولد غلام حسین، احد ولد محمد مسبل، توفیق ولد شرف دین اور معشوق ولد محمد سفر زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کا تعلق ضلع قمبر شہدادکوٹ اور لاڑکانہ سے بتایا جاتا ہے۔
تمام زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے لیے رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) پسنی منتقل کردیا گیا، جن میں سے ایک معمولی زخمی ہوئے جبکہ دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرتے ہوئے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
دوسری جانب صحبت پورمیں دوران ڈیوٹی پولیس اہلکار نے مبینہ طورپر خودکشی کرلی۔
پولیس کے مطابق صحبت پور پولیس تھانے کی چھلی پل چوکی پر تعینات پولیس اہلکار عبدالکریم نے دوران ڈیوٹی سرکاری اسلحے سے فائرنگ کرکے مبینہ طورپر خودکشی کرلی ۔
واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس اہلکار کی لاش اپنی تحویل میں لیکر سول اسپتال صحبت پور منتقل کردی جبکہ واقعے کے بارے میں پولیس مذید تحقیقات کر رہی ہے۔