معروف بلوچ آزادی پسند رہنماء استاد واحد کمبر نے پشتو وطن دوست شاعر گلہ من وزیر کی شہادت پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ استعماری طاقت نے اپنے مذموم عزائم کے لیے نوجوان انقلابی شاعر گلہ من وزیر پر قاتلانہ حملہ کروانے کے بعد انھیں علاج و معالجے کے لیے بیرون ملک جانے سے روکا، بروقت علاج نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان شاعر وفات پاگئے۔ان کا قتل ایک بڑا نقصان ہے جس کا سن کر ہم غمزدہ ہیں۔
انھوں نے کہا گلہ من وزیر کے جانی نقصان پر میں تمام پشتون اور افغان اقوام سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ وہ اپنی وطن و قوم دوستانہ شاعری اور قومی نظریاتی سیاست کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ پشتون اور محکوم اقوام کے نوجوانوں کو ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے محکومی کے خلاف اپنی تحریک آگے بڑھانی ہوگی۔