بلوچستان کے علاقے آواران ، ڈیرہ بگٹی اور وڈھ میں مختلف حادثات وواقعات میں خاتون و بچوں سمیت 9 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے ۔
ضلع آواران کے علاقے جھائو میں 5 بچیاں پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئیں۔
جھائو پولیس کے مطابق بدھ کے روز ضلع آواران کے علاقے جھائو میں بارش کے گہرے گڑھے میں جمع پانی میں نہاتے ہوئے 3 کم سن بچے جن میں ایک لڑکا اور تین لڑکیاں شامل ہیں ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔
ہلاک بچوں کے ناموں میں رحمت اللہ ولدباہوٹ عمر6 سال، ہورجان بنت باہوٹ عمر9 سال، بی بی سلمان بنت پُھلان عمر 12سال، عصمت بنت پُھلان عمر 10 سال اور حُسنا بنت پُھلان عمر7 سال ساکنان سر مستانی بھینٹ جھاؤشامل ہے۔
دوسری جانب ڈیرہ بگٹی میں مختلف واقعات میں جوانسال لڑکی سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے ۔
پہلا واقعہ نواحی علاقہ پیرکوہ سے متصل پیرسہری دربار ایریا میں پیش آیا جہاں اپنے گائے کو ڈھونڈنے والا شخص دین محمد گرمی لگنے سے بے ہوش ہوگیا جسے ہسپتال لے جایا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا ۔
دوسرا واقعہ ڈیرہ بگٹی ٹائون میں پیش آیا جہاں گزشتہ روز گرمی لگنے کے واقعے میں محلہ ژانکو کا رہائشی نوجوان شدید بخار کے بعد دم توڑ گیا جبکہ تیسرے واقع نواحی علاقے سب تحصیل سنگسیلہ سے متصل علاقے سمنے میں جوان عمر خاتون برساتی تالاب سے پانی بھرتے ہوئے تالاب میں ڈوب کر ہلاک ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق خاتون کے ڈوب کر ہلاک ہونے کا واقعہ3 روز قبل پیش آیا۔
ڈوبنے والی لڑکی کی چند دنوں بعد شادی طے تھی۔
علاوہ وزیں وڈھ سے فیروز آباد جانے والے پک اپ سمان ایف سی کیمپ کے ایریا میں الٹ گئی جس سے ایک شخص ہلاک اور 6 افرادزخمی ہوگئے۔
زخمی ہونے والے افراد میں سے2 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جنہیں خضدار منتقل کردیا گیا ہے۔