بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں مائی گاڑھی کے قریب ندی میں نہاتے ہوئے 2 افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔
لاشیں حب اسپتال منتقل کرنے اور ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔
متوفی کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے رہائشی تھے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل حب ندی میں رئیس گوٹھ کی رہائشی باپ بیٹی ڈوب کرہلاک ہو گئے تھے۔
دوسری جانب ہوشاپ اور کولواہ میں بارش سے ندیوں میں طغیانی باعث کیل کور ندی میں 2 افراد کو پانی کا ریلہ بہا کر لے گیا۔
مقامی غوطہ خوروں نے ایک شخص کو زندہ بچا لیا، دوسرا شخص گھنٹوں گزرنے کے باوجود نہیں مل سکا۔
پی ڈی ایم اے مکران کے دپٹی ڈائریکٹر ملک ریحان دشتی نے بتایاکہ ڈپٹی کمشنر کیچ اسماعیل ابراہیم کی ہدایت پر ریسکیو ٹیم بھیجی ہے، علاقے میں موجود ہے لیکن پانی کا زور زیادہ ہے، دوسرے شخص کا بچنا مشکل ہے۔
انہوں نے کہاکہ اندھیرا اور ندی میں پانی زیادہ ہے، غوطہ خوروں کو مشکلات کا سامناہے۔ رات ہونے کی وجہ سے ابھی لاش کی تلاش ممکن نہیں ہے کل صبح لاش کو تلاش کیا جائیگا۔