کینیڈا میں حزب اختلاف کے قانون سازوں کے برسوں کے دباؤ کے بعد ایران کی اسلامی انقلابی گارڈز کور (پاسداران انقلاب فورسز) کو بالآخر دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔
کینیڈا نے ایران کی ایلیٹ فورس پاسداران انقلاب کو دہشت گرد گروپ قرار دیتے ہوئے ایران میں موجود اپنے شہریوں سے نکل جانے کی اپیل کی ہے۔اوٹاوا نے تہران پر انسانی حقوق کو مکمل طور پر نظر اندازکرنے کا بھی الزام لگایا۔
بدھ کے روز اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے، پبلک سیفٹی کے وزیر ڈومینک لی بلینک نے اس قدم کو عالمی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک اہم ہتھیارقرار دیا۔
اس اقدام کا مطلب یہ ہوگا کہ پاسداران انقلاب کے اعلی عہدیداروں سمیت ایرانی حکومت کے ہزاروں اعلیٰ حکام پر کینیڈا میں داخلے پر پابندی عائد ہو گی۔
اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی) ایران کی ایک بڑی فوجی، سیاسی اور اقتصادی قوت ہے، جس کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے قریبی تعلقات ہیں۔
امریکہ نے سن 2019 میں ہی اس تنظیم کو دہشت گردگروپ قرارد ے دیاتھا۔
کینیڈا کی حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ آئی آر جی سی کو ضابطہ فوجداری کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ ایک مضبوط پیغام بھیجتا ہے۔