بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کی جانب سے کراچی کے علاقے ملیر میں بلوچ لٹریسی کمپیئن کی مناسبت سے انٹریکٹیو سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں تنظیم کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری عزیر بلوچ اور سینٹرل کمیٹی کے ممبر سلیم بلوچ سمیت سیاسی کارکن حفیظ بلوچ نے بھی شرکت کی۔
سیشن ملیر کے علاقے کاٹھور میں منعقد کیا گیا جس میں پینل ڈسکشن، تقاریر، تھیٹر، کتاب میلہ سمیت ایجوکیشنل واک شامل تھی۔
پینل ڈسکشن میں ملیر کے تعلیمی بحران پر پینلسٹ سلیم بلوچ اور اسکول استاد ہارون بلوچ سے ملیر زون کے صدر شاہ تاج بلوچ نے بطور موڈریٹر مباحثہ کیا۔
سرسنگار اِزمی مجلس کے اداکاروں نے لڑکیوں کی تعلیم اور منشیات کے خلاف جہد پر ایک تھیٹر ڈرامہ پیش کیا۔
تقاریر میں کامریڈ حفیظ بلوچ نے تعلیمی مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے گفتگو کی جبکہ بساک کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری عزیر بلوچ نے ملیر کے نوجوان اور ان کی ذمہ داریوں پر گفتگو کرکے ان کو تعلیمی جہد میں سرگرم رہنے پر زور دیا۔
تقریب کے آخر میں کاٹھور میں شرکا نے ایک ایجوکیشنل واک کی جس میں طلبا نے پلے کارڈز پر تعلیم کے اوپر مختلف نعرے درج کیے تھے اور بچوں بچیوں کو پڑھنے کی تلقین کی گئی۔
سیشن میں کتاب میلہ بھی سجایا گیا تھا جس میں لوگوں نے کتابیں خریدیں۔
سیشن میں طلبا و طالبات، بچے بچیوں، خواتین سمیت مختلف طبقہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔