اسرائیلی فوج نے جنگ کیلئے رفح بارڈر کراسنگ کا کنٹرول سنبھال لیا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

اسرائیلی فوج نے مصر کی سرحد سے متصل فلسطینی علاقے رفح بارڈر کراسنگ کا کنٹرول سنبھال لیا۔

اسرائیلی اقدام کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ غیر یقینی کا شکار ہو گیا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی 401 ٹینک بریگیڈ منگل کی علی الصباح رفح کراسنگ میں داخل ہوئی ہے جس نے آپریشنل کنٹرول سنبھال لیا ہے جب کہ اسرائیلی فوج نے زمینی اور فضائی حملوں کے ذریعے رفح میں حماس کے مشکوک ٹھکانوں کے خلاف کارروائی بھی کی ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں فوجی ٹینکوں کو رفح کراسنگ کی حدود میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے جن پر اسرائیلی پرچم نمایاں ہیں اور وہ علاقے کا کنٹرول سنبھال رہے ہیں۔

فلسطینی کراسنگ اتھارٹی کے ترجمان وائل ابو عمر نے اسرائیلی فوج کی جانب سے کراسنگ کا کنٹرول سنبھالنے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ کراسنگ کو کچھ وقت کے لیے بند کر دیا گیا ہے جب کہ ان کا مزید کہنا تھا کہ رفح کراسنگ کے اطراف پیر سے حملے ہو رہے ہیں۔

رفح کراسنگ کے ذریعے مصر کے راستے غزہ میں امدادی سامان ٹرکوں کے ذریعے منتقل کیا جاتا ہے۔

اسرائیل نے ایسے موقع پر رفح کراسنگ کا کنٹرول سنبھالا ہے جب گزشتہ روز ہی فلسطینی عسکری تنظیم حماس نے غزہ جنگ بندی سے متعلق ثالث کا کردار ادا کرنے والے ممالک مصر اور قطر کی جانب سے پیش کردہ جنگ بندی تجاویز قبول کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Share This Article
Leave a Comment