بلوچستان کے علاقے خاران میں ڈپٹی کمشنر خاران کے گن مین کوپاکستانی فورسزایف سی اور خفیہ اداروں نے جبری طور پر لاپتہ کردیا۔
علاقائی ذرائع کے مطابق خاران میں ایف سی اور خفیہ اداروں نے ڈی سی خاران کے گن مین کو تشدد کے بعد اغواء کرلیا۔
لاپتہ کئے گئے گن مین کی شناخت اسلم شاہ ولد سید چراغ شاہ کے نام سے کی گئی ہے ۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ لیویز اہلکار اسلم شاہ آج بروزپیر کوصبح موٹر سائیکل پر ہسپتال روڈ سے گزر رہے تھے کہ راستے میں انہیں ایف سی اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے روک کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد میں سر پر چادر ڈال کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
اس حوالے سے لیویز فورسز کے اندرونی ذرائع بتاتے ہیں کہ اسلم شاہ ایک لیویز اہلکار ہے جوکہ ڈی سی خاران کے گن مین کی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ ان کا گھر خاران کبدانی محلہ میں واقع ہے اور وہ ایک ملنگ طبیعت اور سادہ مزاج شخص ہیں۔
لیویز اہلکاروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر انکشاف کیا کہ اسلم سیکریٹریٹ روڈ پر ڈی سی کے پاس ڈیوٹی کرتا ہے جبکہ انہیں ڈی سی آفس کے بجائے ہسپتال روڈ سے اغواء کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان کی اغواء میں ڈی سی خاران برائے راست ملوث ہیں۔