مصر کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، پولیس نے شمالی جزیرہ نما سینا میں خفیہ پناہ گاہوں پر حملہ کیا جس میں21 مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عیدالفطر کی چھٹی کے موقع پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
عرب ذرائع ابلاغ نے ان مشتبہ دہشت گردوں کی لاشوں کی تصاویر دکھائی ہیں جنہیں مصری پولیس نے ان دو ٹھکانوں پر چھاپوں کے دوران ہلاک کیا جہاں وہ مبینہ طور پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
پولیس نے ایک چھاپہ شمالی سینا کے قصبے بر العبد کے ایک متروک گھر پر مارا جہاں دہشت گردوں نے حالیہ مہینوں میں سیکیورٹی فورسز پر کئی بار حملے کئے۔
پولیس نے دوسرا چھاپہ شمالی سینا کے ساحلی قصبے العرش کے نزدیک ایک زرعی علاقے میں مارا۔ حملے میں کئی پولیس کمانڈر زخمی ہوئے ہیں۔
دہشت گردوں نے حالیہ برسوں میں پولیس اور فوج کے حوصلے پست کرنے کی کوشش میں بڑی تعطیلات کے دوران سرکاری سیکیورٹی فورسز پر حملے کئے ہیں۔ دہشت گردوں نے شمالی جزیرہ سینا کی ایک مسجد میں 2017 میں تین سو نمازیوں کو بھی ہلاک کر دیا تھا۔
ایک غیر پیشہ ورانہ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ مصری فوجی حکام حال ہی میں شمالی سینا کے مکینوں سے بات کر رہے ہیں اور نوجوانوں کی دہشت گردی کی مخالفت اور ملک کا دفاع کرنے کے لئے حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔
مصری ذرائع ابلاغ مسلسل قطر اور ترکی پر شمالی سینا اور لبیا میں سرحد کے ساتھ دہشت گردوں کی حمایت کا الزام لگاتے ہیں۔ دونوں ممالک ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ تاہم، وہ مصر کی کالعدم اخوان المسلمین کی حمایت کا اعتراف کرتے ہیں۔