بلوچستان وایران مابین سالانہ تجارتی حجم ڈھائی ارب ڈالرز سے زائد ریکارڈ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستا ن اور ایران ایک دوسرے کے ساتھ 909 کلومیٹر پر محیط سرحد بانٹتے ہیں جس کا زمینی اور سمندری راستہ مکران ڈویژن سے ہو کر گزرتا ہے۔

گوادر کے سمندری راستے ایران کے علاقے چا بہار کی سمندری حدود سے ملتے ہیں جبکہ چاغی، نوشکی، دالبندین، نوکنڈی، تربت، تفتان سمیت کئی اہم گزرگاہوں سے ہوتے ہوئے بلوچستان کی سرحد ایران کے بلوچستان سے جا ملتی ہیں۔

پاکستان اور ایران کی سرحد پر کئی دہائیوں سے دو طرفہ تجارت کا سلسلہ جاری ہے۔اور بلوچستان کے 30 سے 40 فیصد کاروبار کا دارومداراور انحصار ایرانی اشیا پر ہے۔

اس سلسلے میں سابق بلوچستان کے صدر ایوان صنعت و تجارت فدا حسین نے بتایا کہ بلوچستان کا مکران ڈویژن کا مکمل انحصار ایرانی اشیا پر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کے پاس روزگار کے مواقع نہ ہونے کی وجہ سے وہاں کے لوگ دو طرفہ تجارت پر زندگی کا گزر بسر کر رہے ہیں۔ چھوٹے تاجر روزانہ کی بنیاد پر اشیا ضرورت ایران سے لاتے ہیں اور پھر انہیں فروخت کرکے اپنی زندگی کا پہیہ چلاتے ہیں۔

فدا حسین نے کہا کہ ایران سے قانونی طریقے سے 60 سے 70 اشیا درآمد کی جاتی ہیں جن میں ایک پی جی، ڈامبر کا تیل، سیمنٹ، سریا، ٹائل، پیٹرو کیمیکل اشیا، گھی، خوشک میوہ جات، اشیا خورونوش سمیت بہت سی اشیا ضرورت ایران سے بلوچستان اور پھر پاکستان کے دیگر حصوں میں بھجوائی جاتی ہیں۔

فدا حسین نے بتایا کہ بلوچستان اور ایران کے درمیان سالانہ تجارت کا حجم ڈھائی ارب ڈالرز سے زائد ہے۔ یہ تجارتی حجم نہ صرف بلوچستان بلکہ ملکی معیشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تاہم دونوں ممالک کو دو طرفہ تجارت کے لیے کسٹم کے معاملات کو آسان کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تجارتی حجم ڈھائی سے بڑھ کر 5 ارب ڈالر تک جا سکے۔

معاشی تجزیہ نگاروں کے مطابق بلوچستان میں غیر قانونی طریقے سے بھی ایرانی سرحد سے اسمگلنگ کا سلسلہ جاری ہے جس میں پیٹرول سمیت کئی اشیا کو غیر قانونی راستوں سے بلوچستان لایا جاتا ہے۔ مکران ڈویژن اور بالخصوص بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں لوگوں کا ذریعہ معاش اس سمگلنگ پر محیط ہے۔ تاہم اگر اس غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کرکے قانونی طریقوں سے کیا جائے تو کاروباری حجم مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کاروباری طبقہ ایرانی صدر کے آئندہ دورہ پاکستان کو دوطرفہ تجارت کے لیے خوش آئند قرار دے رہے ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment