لاہور: بھارتی شہری سربجیت سنگھ کے قتل کے ملزم کو گھر میں گھس کر ہلاک کردیا گیا

0
35

پاکستان کے علاقے لاہور میں نامعلوم مسلح افراد نے بھارتی شہری سر بجیت سنگھ کے قتل کے ملزم عامرتانبہ کو اتوار کے روز اس کے گھر میں گھس کر قتل کردیا۔

ملزم عامرتانبہ پر بھارتی شہری سربجیت سنگھ کو قتل کرنے کا شبہ تھا، جس کو پاکستان میں جاسوسی کے الزام میں1991ء میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔

ملزم عامرتانبہ 2013ء میں لاہور کی کوت لکھپت جیل میں قید مبینہ بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کو قتل کرنے کے الزام سے بری ہو گیا تھا۔

لاہور پولیس کے مطابق سربجیت سنگھ کے جیل میں قتل کے الزام سے رہائی پانے والے ملزم کی فائرنگ کے واقعے میں ہلاکت کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ نامعلوم حملہ آوروں نے عامر سرفراز عرف تانبا کو گھر میں گھس کر گولیاں ماریں۔

عامر اور ایک دوسرے شخص مدثر پر سربجیت کی موت کا مقدمہ چلایا گیا لیکن ثبوتوں کی کمی کی وجہ سے 2018ء میں انہیں بری کر دیا گیا تھا۔

لاہور میں پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل علی ناصر رضوی نے کہا کہ مسلح افراد نے عامر کے گھر میں داخل ہو کر اسے گولی ماری۔ واردات کے بعد حملہ آور موٹر سائیکل پر موقع سے فرار ہو گئے۔

پاکستانی فوج اور انٹیلی جنس ایجنسی کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد عامر کی لاش شہر کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال لے گئے۔ علی ناصر رضوی نے کہا کہ نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے لیکن حملے کے ممکنہ محرک سمیت کیس کے بارے میں مزید معلومات نہیں دیں۔

پاکستان اس سے قبل بھارت کی خفیہ ایجنسی را پر پاکستان کے اندر ہونے والی ہلاکتوں میں ملوث ہونے کا الزام لگاتا رہا ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ اس کے پاس گزشتہ سال دو پاکستانیوں کی ہلاکت میں دوبھارتی ایجنٹوں کے ملوث ہونے کے مصدقہ شواہد موجود ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here