پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں منجیولا چوک کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی پولیس گاڑی پرفائرنگ سے ڈی ایس پی گل محمد خان اپنے گن مین سمیت ہلاک ہوگیا جبکہ 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی گل محمد خان رات گئے معمول کی گشت پر تھے کہ پہلے سے موجود نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، گولیاں لگنے سے گاڑی میں موجود ڈی ایس پی اور گن مین سمیت 2 اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈی ایس پی گل محمد خان اور گن مین کو زخمی حالت میں سرائے نورنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ چکی ہے اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے۔