اسرائیل کا غزہ میں امداد کے داخلے کے لیے عارضی اقدامات کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

اسرائیل نے غزہ کی پٹی کے ساتھ اپنی شمالی سرحد سے انسانی بنیادوں پر امداد کی ترسیل کے لیے عارضی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے اعلان کردہ عارضی اقدامات میں ایریز کراسنگ پوائنٹ کو دوبارہ کھولنا اور اشدود بندرگاہ کا استعمال شامل ہے۔

واضح رہے کہ ایریز گزرگاہ واحد مسافر ٹرمنل ہے جسے لوگ غزہ آنے اور جانے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

غزہ کے لیے انسانی بنیادوں پر امداد کی ترسیل اسرائیل کی اشدود پورٹ کے ذریعے کی جائے گی اور اردن کی امدادی کھیپ بھی وہاں سے جائے گی۔

اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کے دفتر سے جمعے کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ "یہ بڑھتی ہوئی امداد انسانی بحران کو روکے گی اور یہ لڑائی کے تسلسل اور جنگ کے اہداف کے حصول کے لیے ضروری ہے۔”

اسرائیل کی جانب سے یہ اعلان نیتن یاہو اور امریکہ کے صدر جو بائیڈن کے درمیان جمعرات کو ہونے والی ایک کشیدہ ٹیلی فونک بات چیت کے بعد سامنے آیا ہے۔

صدر بائیڈن نے اسرائیلی وزیرِ اعظم کو کہا تھا کہ حماس کے ساتھ اسرائیل کی جنگ کے لیے امریکی حمایت جاری رکھنے کا تعین اس بات پر ہوگا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینی شہریوں اور امدادی رضاکاروں کے تحفظ کے لیے کیا اقدامات کرتا ہے۔

بائیڈن اور نیتن یاہو کے درمیان یہ گفتگو اسرائیلی فورسز کے اس فضائی حملے بعد ہوئی ہے جس میں بین الاقوامی امدادی تنظیم ورلڈ سینٹرل کچن کے سات کارکن مارے گئے تھے۔

Share This Article
Leave a Comment