کوئٹہ : لیبر فیڈریشن کی احتجاجی ریلی، تنخوائوں کی ادائیگی کا مطالبہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

محکمہ واسا کوئٹہ کے ملازمین اور مزدوروں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف بلوچستان لیبر فیڈریشن کے صدر خان زمان کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

ریلی مختلف شا ہراہوں سے ہوتی ہوئی ایدھی چوک پہنچی جہاں واسا کے ملازمین اور مزدوروں نے اپنی تنخواہوں پنشن کے حصول کے لیے شدید نعرے بازی کی ۔

اس موقع پر ایدھی چوک پر احتجاجی دھرنا دیا گیا ۔

احتجاجی دھرنے سے بلوچستان لیبرفیڈریشن کے صدر خان زمان ڈپٹی سیکرٹری جنرل عبدالمعروف ازاد عارف خان نیچاری رحمت اللہ زہری عابد بٹ عارف خان بڑیچ اور دیگر رہنماں نے اپنے خطاب میں محکمہ واساکو تنخواہوں کی تاحال عدم ادائیگی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔

اس موقع پر رہنمائوں نے کہا کہ اگر دو روز میں تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو بلوچستان لیبر فیڈریشن سخت لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے کوئٹہ میں پانی کی بندش اور اوزار چھوڑ احتجاج کی کال دے گی جس کی تمام تر ذمہ داری سیکرٹری پی ایچ سی سیکرٹری فنانس اور دیگر اعلی حکام پر عائد ہوگی ۔

فیڈریشن کے صدر خان زمان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کی حکومت کے دعویدار ملازمین کو ابھی سے امتحان میں ڈال رہے ہیں اس حکومت کے پاس نہ ملازمین کی تنخواہوں کے دینے کے لیے پیسے ہیں اور نہ ہی پینشن کی ادائیگی کے لیے فنڈز ہیں ایسے میں ملازمین احتجاج نہ کرے تو کیا کریں۔

انہوں نے کہا کہ فوری طور پر ملازمین کو تنخواہوں کے فنڈز جاری کئے جائیں ۔

Share This Article
Leave a Comment