شام میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیل کا حملہ،2 جرنیلوں سمیت 7افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

شام کے دارلحکومت دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیل کے حملے میں2 جرنیلوں سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

شام کے حکام اور سرکاری میڈیا نے پیر کو اطلاع دی کہ ایک اسرائیلی فضائی حملے میں شام میں ایرانی سفارت خانے کی عمارت تباہ ہو گئی جس میں دو سینئر ایرانی فوجی رہنما اور متعدد دیگر افراد ہلاک ہو گئے۔

شام کے دو ٹیلی ویژن چینلز کے مطابق جن میں سے ایک ایرانی عربی زبان کا چینل العالم، اور دوسرا پین عرب چینل المیادین ہے، حملے میں ایرانی فوجی مشیر جنرل علی رضا زاہدی ہلاک ہو گئے، جنہوں نے 2016 تک لبنان اور شام میں ایلیٹ قدس فورس کی قیادت کی تھی۔ حملے میں زاہدی کے نائب، جنرل محمد ہادی ہجریہیمی اور پانچ دیگر افسران بھی مارے گئے۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی، سنا کے مطابق، حملے میں ایرانی قونصلیٹ کی عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی، جب کہ اس کے سفارت خانے کی عمارت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

ایران کے سفیر حسین اکبری نے اسرائیل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کم سے کم سات افراد مارے گئے ہیں۔ ہنگامی امدادی کارکن اب بھی ملبے کے نیچے لاشوں کو تلاش کر رہے تھے۔ اکبری نے کہا کہ عمارت کی حفاظت کرنے والے دو پولیس اہل کار زخمی ہوئے۔

انہوں نے حملے کا بدلہ "اسی شدت اور سختی سے” لینے کا عزم ظاہر کیا۔

Share This Article
Leave a Comment