بلوچستان میں مختلف حادثات وواقعات سے 5 افراد ہلاک، ایک نوجوان کی خودکشی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے کوئٹہ ، منگچر اور تربت میں مختلف حادثات و واقعات سے  5 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ وڈیرہ اللہ یار میں ایک نوجوان نے خودکشی کرلی۔

کوئٹہ کے نواحی علاقے نواں کلی کے قریب واقع سرہ خلہ ڈیم میں 3 نوجوان ڈوب کر ہلاک ہوگئے ۔

ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئیں۔

جبکہ سور جمندزئی منگچر میں گزشتہ شب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت،محمد بلال ولد منظور احمد لانگو کے نام سے ہوگئی ۔

کہا جارہا ہے کہ نامعلوم افراد نے انہیں رات گئے سور جمندزئی کے ایریا میں قتل کرکےلاش گائوں کے قریب پھاڑ کے نزدیک رکھ کر فرار ہوگئے۔

مقامی انتظامیہ لیویز کو اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر لاش اپنے قبضہ میں کرکے قلات ڈی ایچ کیو منتقل کر دیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد نعش لواحقین کے حوالے کردیا۔

مزید تفتیش لیویز فورس کررہی ہے۔

دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے ایم 8شاہراہ پر دشت بیری چاہ کے مقام پر ٹریفک حادثے میں مستونگ کا رہائشی عبدالحکیم ولد سمیع اللہ ہلاک ہوگیا۔

لیویز ذرائع کے مطابق تربت گوادر ایم 8شاہراہ پر بیری چاہ دشت کے قریب مزدا ٹرک نے پرو بکس کار کو ٹکر ماری دی جس کے نتیجے میں کار ڈرائیور عبدالحکیم ولد سمیع اللہ ساکن مستونگ موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ مزدا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

نعش ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کرنے اور ضروری کاروائی کے بعد میت ورثاءکے حوالے کردیا گیا ۔

دریں اثنا ڈیرہ اللہ یار میں نوجوان نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

پولیس کے مطابق محمد عارف رند نامی نوجوان نے گھریلو ناچاقی کے باعث خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

پولیس نے تفتیش کے لیے لاش سول اسپتال منتقل کر دیا جسکے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دیا۔

Share This Article
Leave a Comment